ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی وارروم میں تیجسوی سوریا کے ہنگامے کے بعد برطرف 16مسلم نوجوان ملازمت پر بحال

بی بی ایم پی وارروم میں تیجسوی سوریا کے ہنگامے کے بعد برطرف 16مسلم نوجوان ملازمت پر بحال

Sun, 09 May 2021 12:32:19    S.O. News Service

بنگلورو، 9؍مئی(ایس او  نیوز)بنگلورو شہر کے جئے نگر وار روم میں کام کرنے والے 16مسلم نوجوان جن کو حال ہی میں بنگلورو ساؤتھ کے رکن پارلیمان تیجسوی سوریا کے دھاوے کے بعد کام پر آنے سے روک دیا گیا تھا،ان تمام کو ہفتہ کے روز ملازمت پر بحال کر لیا گیا۔

سابق وزیر اورچامراج پیٹ کے رکن اسمبلی بی زیڈضمیر احمد خان نے بتایا کہ جمعہ کے روز تمام مسلم قائدین کے ایک وفد نے اس معاملہ میں بی بی ایم پی چیف کمشنر گورو گپتا سے ملاقات کی اور ان سے گزارش کی تھی کہ ان نوجوانوں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ اس وفد میں رکن راجیہ سبھا سید نصیر حسین،کے پی سی سی کے کارگزار صدر سلیم احمد، اراکین اسمبلی بی زیڈ ضمیر احمد خان، این اے حارث، رضوان ارشد، کرشنا بائرے گوڈا، رکن کونسل نصیر احمد اور کانگریس لیڈر ایم رام چندرپا شامل تھے۔بنگلورو ساؤتھ کے رکن پارلیمان تیجسوی سوریا اور بی جے پی کے تین اراکین اسمبلی نے اس وار روم میں کام کرنے والے 17مسلم ملازمین کے ناموں کی نشاندہی کر کے ان کو شبہ کے دائرے میں لانے کی کوشش کی۔ اب انہیں ملازمت پر رکھنے والی کمپنی کرسٹل سلیوشنس کی طرف سے ان تما م نوجوانوں کو واپس ملازمت پر اسی جئے نگر وار روم میں رکھ لیا گیا۔

ضمیر احمد خان نے بتایا کہ بی بی ایم پی کی جائنٹ کمشنر ساؤتھ زون تلسی سے گزار ش کی گئی کہ ان تمام نوجوانوں کو ملازمت پر بحال کرلیا جائے جس کو انہوں نے چیف کمشنر گورو گپتا کی ہدایت کے مطابق منظوری دے دی۔ ان تمام نوجوانوں کی ملازمت پر بحالی ہوجانے پر ضمیر احمد خان نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ تیجسوی سوریانے بیڈ بلاکنگ کا گھپلہ بے نقاب کرنے کی آڑ میں بنگلور و کے ہندو ؤں اور مسلمانوں کے درمیان جس طرح نفرت کا بیج بونے کی کوشش کی تھی وہ ناکام ہو چکی ہے۔ ان تمام نوجوانوں نے ملازمت پر بحالی کے لئے کوشش کرنے والے تمام قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے اوریقین دلایا ہے کہ اس مقام سے وہ کورونا متاثرین کی بلا تفریق مذہب و ملت خدمت انجام دیتے رہیں گے۔


Share: